گورکھپور (نامہ نگار)گزشتہ ۱۵فروری کو مان بیلا میں سماجوادی پارٹی کی ملک بچاؤ ملک بناؤ ریلی کی کامیابی کے لئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پارٹی کے لیڈران اور کارکنان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پارٹی دفتر کو فیکس کے ذریعہ مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ ریلی کی تاریخ مقرر ہونے کے بعد سے ہی سائی
کل ، موٹرسائیکل اور مشعل جلوس کے ذریعہ عوام سے ریلی میں شامل ہونے کی اپیل کرنے والے سماجوادی پارٹی کارکنان کامیاب ریلی کے بعد راحت محسوس کررہے ہیں۔ ان کے جوش اور ولولہ کی اکھلیش یادو نے تعریف کی۔ریلی کے دوران موسم میں تبدیلی کی وجہ سے سماجوادی پارٹی کے لیڈران اور کارکنان پریشان ہوگئے ہیں۔انہیں یہ فکر پریشان کررہی تھی کہ کہیں ایسا نہ ہوکہ خراب موسم کی وجہ سے لوگ ریلی میں شامل نہ ہوں ۔ اس کے باوجود مان بیلا کی ریلی میں کثیر تعداد میں لوگوں کے شامل ہونے سے لیڈران کو راحت محسوس ہوئی ۔ لوگوں کی بھیٹر اور ان کے جذبہ کو دیکھ کر ملائم سنگھ یادو نے بھی کئی مرتبہ ریلی کے کامیابی کے لئے مقامی لیڈران اور دور دراز سے آنے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ پارٹی گورکھپور میں کامیاب ریلی سے بہت خوش ہے اور اسے اپنی کامیابی تصور کررہی ہے۔ واضح رہے کہ فروری ۲۰۱۱ میں چمپا دیوی پارک میں منعقد تین روزہ کانفرنس کے بعد ریاست میں سماجوادی پارٹی کو اقتدار ملا۔