ہاپوڑ (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے سخت احکامات ہے کہ تمام محکموں کے افسران اپنے اپنے دفتر میں عوام کے مسائل سن کر انہیں حل کریں۔ لیکن ہاپوڑ جل نگم کے افسران نے وزیر اعلیٰ کے احکامات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے اور دفتر سے غائب رہتے ہیں۔ پیر کو ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر ضلع ترقیات افسر کے جل نگم دفتر کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ معائنہ کے دوران جے ای واے ای این ندارد تھے۔ اس کی رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کو سپرد کردی گئی۔ پیر کی صبح راشٹریہ لوک دل کے سینئر لیڈر نانک چند شرما کسی کام کے سلسلہ میں ریلوے روڈ واقع جل نگم دفتر پر پہنچے ۔ انہوں نے دیکھا کہ دفتر میں کوئی بھی افسر موجود نہیں تھا۔ معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ افسران کے آنے کا کوئی وقت نہیں ہے ۔ نانک چندر شرما نے اس کی اطلاع ضلع مجسٹریٹ کو دی۔ ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر ضلع ترقیات افسر مدن ورما نے جل نگم دفتر پرچھاپہ مارا۔ چھاپہ کے دوران جے ای و اے ی کی کرسیاں خالی پڑی ہوئی تھیں۔
چھاپہ کے دوران معلوم ہوا کہ ایگزیکٹو انجینئر بی کے اگروال رخصت پر ہیں جبکہ جے ای امت گویل
، اے ای ایس پی سنگھ، بی کے گرگ ، اودھیش کمار اور پی کے گپتا ندارد تھے۔ ضلع ترقیات افسر مدن ورمانے بتایا کہ مذکورہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ کے حکم پر کی گئی تھی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کو سپرد کردی ہے۔ دوسری جانب ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران وزیرا علیٰ کے احکامات کی تعمیل کریں۔