لکھنؤ،27ستمبر(یواین آئی)اترپردیش میں دوسرے دن بھی مسلسل بارش کی وجہ سے اس سے متعلق حادثات میں ریاست میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 20سے زیادہ لوگوں کی موت ہوگئی ۔اس کے علاوہ 30سے زیادہ مویشیوں کے بھی مرنے کی اطلاع ہے ۔
سرکاری ذرائع نے جمعہ کویہاں بتایاکہ ریاست میں ہورہی بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر حادثے پیش آئے ہیں ۔حکومت نے ضلع مجسٹریٹوں کو فورا متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔اس کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ دیہی علاقوں میں گایوں کے لیے بنائے گئے عارضی باڑوں میں انکے چارے وغیرہ کا بندوبست کرائیں ۔بارش کی وجہ سے پانی جمع ہونے سے مویشیوں کے لیے چارے کا مسئلہ پیداہوگیاہے ۔
لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوں میں کل صبح سے مسلسل بارش ہورہی ہے اور ابھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔بارش کی وجہ سے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما کے حکم پر لکھنؤ میں بارہویں جماعت تک کے سبھی اسکول آج بندہیں ۔پانی جمع ہونے سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔