بھوپال،2اکتوبر(یواین آئی)مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے آج گاندھی جینتی پر کہا کہ ملک، دنیا اور سماج میں پھیلے تناؤ سے آزاد ہونے کےلئے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے نظریے کو اپنانے اور ان کے دکھائے راستے پر چلنا ضروری ہے۔
وزیر اعلی مسٹر کمل ناتھ آج مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش پر مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ذریعہ منعقد پد یاترا میں شامل ہوئے۔انہوں نے مقامی روشن پورا چوراہے سے منٹو ہال میں واقع مہتاما گاندھی مجسمے تک پدیاترا کی۔انہوں نے مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھولوں کےہار چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس کے بعد وہ پرانی ودھان سبھا چوراہے پر واقع سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے مجسمے کے مقام پر پہنچے اور ان کے مجسمے پر بھی پھولوں کے ہار چڑھا کر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ مہاتما گاندھی صرف ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کےلیڈر تھے۔انہوں نے اپنی شخصیت اور کاموں سے پوری دنیا میں اپنی شناخت بنائی تھی۔انہوں نے امریکہ کے صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کرنے کی جگہ پر بھی مہاتما گاندھی کی تصویر لگی ہوئی ہے۔