گورکھپور : بڑہل گنج میں دیوریا سے آئی بارات میں خواتین کی جانب سے رخصتی کے وقت رنگ ڈالنے پر تنازعہ ہوگیا۔ گھر والوںاور باراتیوں میں مارپیٹ ہوتے دیکھ کر گاؤں کے ایک نوجوان نے باراتیوں کو سمجھانے کی کوشش کی جس میں ایک باراتی نے نوجوان پر چاقو سے حملہ کردیا۔ جس سے وہ سخت زخمی ہوگیا اور صحت مرکز لے جاتے وقت راستے میں ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔ موت کی اطلاع پاتے ہی گاؤں والوں اور با راتیوں کے درمیان جم کر مارپیٹ ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے حملہ آوروں میں سے دو کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ موصولہ خبرکے مطابق بڑہل گنج علاقہ کے نیتوار پٹی گاؤں کے رہنے والے نوناتھ یادو کی لڑکی سنگیتا کی بارات دیوریا ضلع کے نوانواں مدن پور گاؤں سے آئی تھی۔ رات بھر شادی کی تقریبات منعقد ہوتی رہیں۔ آج صبح ساڑھ نوبجے جب سنگیتا کی رخصتی ہورہی تھی گھر کی عورتوں نے باراتیوں پر رنگ ڈال دیا۔ جس پر تنازعہ پیدا ہوگیا ۔ گاؤں کا ہی راہل اٹھارہ سالہ راہل یادو کھیت سے لوٹ رہاتھامارپیٹ ہوتی دیکھ کر اس نے باراتیوں کو سمجھانے کی کوشش کی تو بارات میں آئے تین لوگوں سے اس کی مارپیٹ ہوئی جن میں سے ایک نے چاقو نکال کر راہل پر حملہ کردیا۔ راہل کے زخمی ہونے کی خبر سن کر تینوں وہاں سے فرار ہوکر نزدیکی گاؤں بھدیلن میں اپنے پھوپھا کے گھر چلے گئے ۔ صحت مرکز تک لے جاتے ہوئے راستہ میں ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔ موت کی خبر سن کر گاؤں والے حملہ آور کے پھوپھا کے گھر پہنے جہاں سے دو ملزم گرفتار کرلیئے گئے۔