نئی دہلی،25اکتوبر(یواین آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)کی پرانی اتحادی اور مہاراشٹر کے اقتدار میں اہم ساجھے دارشیوسینا اپنے ’ففٹی-ففٹی‘ فارمولے کے تحت بی جےپی پر دباؤ بنانے میں لگی ہوئی ہے اور اس نے جمعہ کو ایک پوسٹر جاری کیا جس میں آدتیہ ٹھاکرے کو ’مستقبل کا وزیراعلی ‘ بتایا گیا ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کو شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اشاروں کنایوں میں کہاتھا کہ اس کی طویل عرصہ سے حامی رہی بی جےپی کے ساتھ سب کچھ اچھا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مزاحیہ لہجے میں کہا،’’ہم نے لوک سبھا انتخابات کے دوران سمجھوتہ کیاتھا،لیکن اب ایسا نہیں کرسکتے۔مجھے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ میری پارٹی پھلتی پھولتی رہے۔‘‘
شیوسینا نے جمعہ کو شائع اپنے ترجمان اخبار’سامنا‘ کے ادارتی مضمون میں پارٹی کے سبھی خیر خواہوں کو ’اقتدار کا گھمنڈ‘ مظاہرہ نہ کرنے کی وارننگ دی۔
ادارتی صفحے میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جےپی-شیوسینا اقتدارمیں پھر سے لوٹی ہے ،البتہ ان کی سیٹوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود یہ صورت حال اس نظریہ کی نفی کرتی ہے ،جس میں پھوٹ ڈالنے کی سیاست اور اپوزیشن پارٹیوں میں تقسیم کے ذریعہ الیکشن جیتنے کی بات کہی جاتی ہے۔