لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ مظفرنگر فسادات کے بعد سے بارہ ہزار سے زائد فساد متاثرین اپنے گھر واپس نہیں جا سکے ہیں یہ اکھلیش حکومت کی ناکامی کا سب سے اہم ثبوت ہے۔ پارٹی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ مظفرنگر فسادات میں حکومت کا رول اور اب راحت کے نام پر کئے جا رہے اہم اعلانات کے بر خلا ف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آج بھی بارہ ہزار سے زائد فساد متاثرین مظفر نگر کے مختلف علاقوں میںمقیم ہیں۔ فسادات
کو روکنے میں ناکام اکھلیش حکومت فسادات کے بعد بھی متاثرین کو راحت پہنچانے کے بجائے لوگوں کو گمراہ کرنے اور اپنے سیاسی ایجنڈے کو پورا کرنے میں مصروف ہے۔ پارٹی کے دفتر پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران اکھلیش یادو کی حکومت کے طریقہ کار اور پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے پارٹی ترجمان وجے بہادر پاٹھک نے کہا کہ متاثرین کے سلسلہ میں اکھلیش حکومت مسلسل ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرنگر کے فرقہ وارانہ فسادات میں اکھلیش حکومت کا رول روز اول سے مشتبہ رہاہے۔ فسادات میں اکھلیش حکومت کے وزراء، افسران اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر کے کردارکو لیکر شروع سے ہی سوال اٹھتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر ۶۳؍افراد کی اموات کا کوئی تو ذمہ دار ہوگا۔