لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چارباغ اسٹیشن پر ٹرینوں کی شنٹنگ تاخیر سے ہونے کی وجہ سے کئی ٹرینیں چارباغ اسٹیشن اور آؤٹر سگنل پر کھڑی رہیں۔ دوسری جانب بارہ بنکی ریلوے لائن پر مسولی میں ریلوے کراسنگ گیٹ ٹوٹنے اور پرتاپ گڑھ ریل ڈویژن میں روپا مئو میں سگنل فیل ہونے کی وجہ سے کاشی وشو ناتھ ایکسپریس، فیض آباد- دہلی ایکسپریس سمیت مختلف ٹرینیں متاثر ہو گئیں۔ دو شنبہ کی دیر رات چارباغ اسٹیشن پر مختلف ٹرینیں ایک ساتھ آنے سے ٹرینوں کے انجن کی شنٹنگ کرنے میں کافی دیر تک ریلوے لائن متاثر رہی اس دوران اسٹیشن پر پلیٹ فارم پر کھڑی ہوئی بھوپال لکھنؤ ایکسپریس، الہ آباد -لکھنؤ انٹر سٹی اور نو چندی ایکسپریس نصف گھنٹے سے ایک گھنٹے تک روک دی گئی۔ ٹریک صاف ہونے کے بعد مذکورہ ٹرینوں کو روانہ کیا گیا۔ بارہ بنکی ریلوے لائن پر مسولی میں ریلوے کراسنگ گیٹ کو ٹرین نے ٹکر مار دی۔ گیٹ پر کام کرنے والے ملازم نے اس حادثہ کی اطلاع اسٹیشن ماسٹر کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعد آئی او ڈبلیو ملازم نے گیٹ کو درست کراکر گاڑیوں کو روانہ کیا۔