اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سابق صدر خالد مشعل نے کہا ہے کہ خطے میں سر اُٹھانے والے بحرانوں نے قضیہ فلسطین کو نقصان پہنچایا۔
رپورٹ کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نےکہا کہ اس وقت جو کچھ عرب ممالک میں ہو رہا ہے، اس نے قضیہ فلسطین سے توجہ ہٹا دی۔ عرب ممالک میں سر اُٹھانے والے بحرانوں نے قضیہ فلسطین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کا اپنے داخلی بحرانوں سے الجھنا عارضی ہے۔ توقع ہے کہ عرب ممالک کے بحران جلد دور ہوجائیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل ہر ملک کے عوام کے فیصلوں کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینی قوم کا سودا نہیں کرسکتی۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ قضیہ فلسطین کا حقیقی مالک مسلم امہ اور فلسطینی قوم ہے۔
ایک دوسرے سیاق میں حماس کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ کا کہنا تاھ کہ ان کی جماعت قومی یکجہتی کی شدید خواہاں ہے۔ حماس امت کے تمام فریقین پر قضیہ فلسطین کی معاونت پر زور دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریکیں عرب اور مسلم دنیا میں قضیہ فلسطین کی قوت ہیں مگر بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔