اسلام آباد،8نومبر(یواین آئی)سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو کے 550ویں پرکاش اتسو کے موقع پر ہندستان اور پاکستان کے بیچ نوتعمیر شدہ کرتارپور راہداری کے افتتاح سے ایک دن قبل بھی دونوں ملکوں کے بیچ لفظی جنگ جاری ہے ۔
پاکستان نے اس موقع پر کرتارپور جانے والے عقیدت مندوں کےلیے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے دی گئی ’رعایتوں ‘ کو مسترد کرنے کے نریندرمودی حکومت کے فیصلہ پر اظہار افسوس کیاہے ۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا،’’ ایک خصوصی ترغیب کے طورپر ،پاکستان نے عقیدت مندوں کی سہولت کےلیے بابا گروناناک کی 550ویں جینتی کے مبارک موقع پر رعایتوں کا اعلان کیا، لیکن سکھوں کے جذبات کو نظر انداز کرتے ہوئے ہندستان نے اسے مستردکردیاہے ۔‘‘انھوں نے کہا،’’ اگر ہندستان عقیدت مندوں کے لیے ان سہولیات کا فائدہ نہیں اٹھاناچاہتاہے ،تو یہ اس پر منحصر ہے ۔‘‘