لوکیش راہل (52) اور شريس ایر (62) کی شاندار نصف سنچریوں اور پھر دیپک چاہر کی جارحانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے ناگپور ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو 30 رنوں سے شکست دیدی ہے ۔
ساتھ ہی ساتھ تین میچوں کی سیریز کو بھی دو ایک سے اپنے نام کرلیا ۔ ہندوستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 174 رن بنائے ، جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19.2 اوورس میں 144 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندستانی ٹیم کو دوسرے اوور میں ہی جھٹکا لگ گیا جب گزشتہ میچ کے پلیئر آف دی میچ اور کپتان روہت شرما صرف تین رن بنا کر شفیع السلام کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ روہت کے ساتھی شکھر دھون نے ایک بار پھر اچھی شروعات کی لیکن وہ اچھا آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کر پائے اور 19 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے. شکھر نے 16 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 19 رن بنائے. شکھر کو بھی شفیع نے آؤٹ کیا۔
دو وکٹ محض 35 رن پر گر جانے کے بعد راہل اور ایئر نے ہندستانی اننگز کو سنبھالا ۔ راہل نے اپنی تیسری ٹی -20 نصف سنچری بنائی جبکہ ایئر نے زبردست چھکے اڑاتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی۔ راہل نے 35 گیندوں پر 52 رن میں سات چوکے لگائے۔ ایّر نے محض 33 گیندوں میں تین چوکے اور پانچ چھکے اڑاتے ہوئے 62 رن بنائے۔
راہل کا وکٹ امین حسین نے لیا۔ راہل کا وکٹ 94 کے اسکور پر گرا ۔
راہل کے بعد میدان پر اترے رشبھ پنت کے ساتھ ایئر نے چوتھے وکٹ کے لئے 45 رن جوڑے اور اس شراکت میں ایر کا ہی بلاّ بولا ۔ پنت ایک بار پھر فلاپ رہے اور کپتان روہت شرما اور ٹیم مینجمنٹ کے تمام کی حمایت کے باوجود سستے میں نپٹ گئے ۔ پنت نو گیندوں میں چھ رن ہی بنا سکے ۔ سومیہ سرکار نے 17 ویں اوور میں پنت اور ایر کو آؤٹ کیا۔ ایّر کا وکٹ گرنے کے بعد منیش پانڈیا نے مورچہ سنبھالا اور 13 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 22 رن بنا کر ہندوستان کا اسکور 174 تک پہنچایا. پانڈیا کے ساتھ شیوم دوبے 9رن پر ناٹ آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع اور سرکار نے دو دو وکٹ لئے۔
وہیں 174 رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری بنگلہ دیش کی ٹیم بہت اچھی نہیں رہی اور 12 رن کے مجموعی اسکور پر ایک ہی اوورس میں دو جھٹکے لگ گئے ۔ تاہم اس کے بعد متھن اور محمد نعیم نے اننگز کو سنبھالا اور 98 رنوں کی شراکت داری کی ۔ بنگلہ دیش کو تیسرا جھٹکا 110 رنوں کے مجموعی اسکور پر محمد متھن کی شکل میں لگا ۔ متھن نے 27 رن بنائے ۔ پہلے میچ کے ہیرو رہے مشفق الرحیم اس مرتبہ فلاپ ثابت ہوئے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی شیوم دوبے کا شکار بن گئے ۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہرسکا ۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محمد نعیم نے 81 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی ۔ ہندوستان کی طرف سے دیپک چاہر نے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شیوم دوبے نے تین اور یجویندر چہل نے ایک وکٹ لیا ۔