حیدرآباد: ریاستی حکومت کی جانب سے پلاسٹک بوتلوں میں پٹرول حاصل کرنے اور پلاسٹک کے بوتلوں میں پٹرول جمع کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ریاستی حکومت نے پٹرول پمپس انتظامیہ کو ایک گائیڈلائن جاری کی ہے جس میں یہ ہدایت دی گئی کہ حکومت نے پلاسٹک بوتلوں میں پٹرول حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ حکم ریاست بھر میں نافذالعمل رہے گا۔ کئی پٹرول پمپس نے اس ہدایت نامہ کے بورڈس آویزاں کردئے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل عبداللہ پور میٹ میں تحصیلدار وجیا ریڈی کو زندہ جلادینے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ ملزم انہیں جلانے کے لئے ان کے دفتر میں پلاسٹک کے بوتل ہی میں پٹرول لایا تھا۔ اس واقعہ کے پیش نظر وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے پلاسٹک بوتلوں میں پٹرول حاصل کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔