نئی دہلی، 14 نومبر (یواین آئی) سپریم کورٹ نے رافیل لڑاکا طیارے سودا معاملے میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی سے جمعرات کو انکار کر دیا۔
چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف کی بنچ نے مرکزی حکومت کو کلین چٹ دینے کے اپنے فیصلہ کے خلاف دائر تمام نظر ثانی عرضیاں مسترد کر دیں۔
قابل غور ہے کہ عدالت عظمی نے گزشتہ سال 14 دسمبر کو اپنا فیصلہ سنایا تھا اور معاہدہ کی آزادانہ تحقیقات کرانے کے مطالبہ کو مسترد کردیا تھا۔
سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا اور ارون شوری اور جانے مانے وکیل پرشانت بھوشن سمیت کچھ دیگر نے فیصلہ پر نظر ثانی کے لئے عرضیاں دائر کی تھی۔
اسی سے منسلک ایک اور معاملہ میں بنچ نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے خلاف توہین عدالت کا معاملہ ختم کر دیا۔
بنچ نے سیاسی طور پر حساس ان نظر ثانی درخواستوں پر 10 مئی کو سماعت مکمل کی تھی اور فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔
بنچ کی جانب سے جسٹس کول نے فیصلہ پڑھا۔