پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا۔
پی سی بی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا نے 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے رواں برس اکتوبر میں اور پھر دسمبر میں وائٹ بال کرکٹ کے لیے واپس آنا تھا لیکن سری لنکا نے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ میچ سے تبدیل کردیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ ‘ یہ پاکستان کے لیے ایک شاندار خبر ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دنیا کے کسی اور ملک کی طرح پاکستان بھی ایک محفوظ ملک ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ ہم ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھجوانے پر سری لنکا کے مشکور ہیں جو بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں پی سی بی کوششوں کا نتیجہ ہے اور اس سے نوجوان نسل اور شائقین کو بھی کرکٹ کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی’۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ نے کہا کہ ‘ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کے بعد اب ہماری توجہ سیریز کے انتظامات کے اعلیٰ معیار کے مطابق یقینی بنانے پر مرکوز ہوگی’۔