حیدرآباد27نومبر(یواین آئی) ہندوستان نے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے خلا کے میدان میں نئے سنگ میل کو عبور کیا ہے کیونکہ اس کے تیسری نسل کے عصری سٹلائیٹ کارٹوسیٹ 3 کو امریکہ کے دیگر 13 نانو سٹلائیٹس کے ساتھ پی ایس ایل وی سی 47 لانچ پیڈ کے ذریعہ اے پی کے سری ہری کوٹہ کے سیشن دھون خلائی مرکز سے 9 بجکر 28 منٹ پر چھوڑا گیا.
جس کے لئے لئے26 گھنٹے کی الٹی گنتی منگل کی صبح 7بجکر 28 منٹ پر شروع ہوئی تھی۔ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) نے یہ بات بتائی۔ اسرو نے کہا کہ یہ سری ہری کوٹہ سے چھوڑا گیا 74 وان لانچ وہیکل مشن اور کارٹو سیٹ سلسلہ کا یہ نواں سٹلائیٹ ہے اسرو نے کہا کہ یہ سٹلائیٹ کافی عصری اور جدید ٹکنالوجی کا حامل ہے۔
سٹلائیٹ کارٹوسیٹ 3 کے ذریعہ زمین کی تصویریں اور نقشہ سازی کا کام کیاجاسکتا ہے۔ اس کو امریکہ کے دیگر 13 تجارتی نانو سٹلائیٹس کے ساتھ چھوڑاگیا۔ کارٹوسیٹ 3 تیسری نسل کا عصری سٹلائیٹ ہے جس میں کافی زیادہ عصری تصویریں لینے کی صلاحیت موجود ہے۔پی ایس ایل وی سی 47 کے ذریعہ امریکہ کے 13 کمرشیل سٹلائیٹس کو بھی چھوڑا گیا ہے۔
یہ کام نیو اسپیس انڈیا لمیٹیڈ سے ہوئے تجارتی معاہدہ کے حصہ کے طورپر کیاگیا ہے۔لانچ اتھارئیزیشن بورڈ اور مشن کی تیاری کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے قبل ازیں اس مشن کو منظوری دی تھی جس کے ساتھ ہی الٹی گنتی گزشتہ روز شروع ہوئی تھی۔
اس سٹلائیٹ کو چھوڑے جانے کے 17 منٹ کے بعد زمین کا مشاہداتی سٹلائیٹ کارٹو سیٹ 3خلائی گاڑی سے علحدہ ہوگیا اور مدار میں چلاگیا۔اس کے بعد امریکہ کے 13 سٹلائیٹس علحدہ ہوگئے۔یہ عمل تقریبا 8 منٹ میں انجام دیا گیا ہے ۔
کارٹو سیٹ 3 بڑے پیمانہ پر شہری منصوبہ بندی،دیہی وسائل، انفراسٹرکچر کی ترقی،ساحلی اراضی کے استعمال جیسے بڑھتے ہوئے مطالبات کو پوراکرپائے گا۔اسرو نے کہا کہ کارٹوسیٹ 3 کو چھوڑنے کے بعد وہ دیگر دو مشنس ریساٹ 2 بی آر 1 اور ریساٹ 2 بی آر 2 کے لئے تیار ہے جس کے لئے پی ایس ایل وی کے ورژنس کا استعمال کیاجائے گا۔یہ ورژنس فوجی مقاصد کے لئے استمعال کئے جائیں گے تاکہ آسمان سے نظر رکھتے ہوئے ملک کی سرحدات کی سلامتی میں اضافہ کیاجائے۔