کلکتہ: ان دنوں ملک میں پیاز کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ ملک کے بعض ریاستوں میں پیاز کی قیمت 70روپے تا120روپے فی کیلو فروخت ہورہی ہے۔ فی الحال ملک کے شہریوں کے لئے پیاز ایک قیمتی چیز ہوگئی ہے۔
جس کی وجہ سے چور بھی آج کل پیاز کی چوری کرنے لگے ہیں حالانکہ روپے پیسے کا غلہ ان کے سامنے ہوتا ہے لیکن وہ اس میں سے چوری کرنا تو دور کی بات اسے ہاتھ بھی نہ لگائے۔ایک ایسا ہی واقعہ مغربی بنگال کے کلکتہ شہر میں پیش آیا جہاں سارقوں نے پیاز کی چوری کی۔
خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس کی خبر کے مطابق ایک ترکاری فروش اکشے داس نے بتایا کہ منگل کی صبح جب اس نے دکان کھولی تو اسے محسوس ہوا کہ کل کی شب دکان میں سرقہ کی واردات انجام دی گئی ہو۔ اکشے داس نے جب اچھی طرح سے جائزہ لیا اس کے ہوش اڑ گئے جب اسے پتہ چلا کہ اس کی دکان سے پیاز کے تھیلے غائب ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ پاس ہی پیسوں کا غلہ رکھا ہوا ہے جس میں کافی رقم موجود ہے سارقوں نے ا س میں سے ایک پیسہ کا بھی سرقہ نہیں کیا۔ داس نے بتایا کہ تقریبا پچاس ہزار روپے کی پیاز اور کچھ ادرک لہسن کا سرقہ کیا گیا ہے۔