لکھنؤ(بیورو)غریب مریضوں کے علاج کیلئےحکومت ہندکے ذریعہ جاری آیشمان بھارت اسکیم کو بہتر طریقے سے نافذ کرنے والے یوپی کے معروف طبی ادارے ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل کو اسکاچ ایوارڈ سے نوازگیا ہے۔
یہ ایوارڈ انڈیا اکونامکس فورم دہلی کے ذریعہ دیا گیا ہے۔ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج جوریاست میں غریب مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرانے کیلئے مشہور ہے۔ریاست اورملک کے کئی معروف طبی اداروں کو پچھے چھوڑتے ہوئے ایراز نے یہ حصولیابی کی ہے۔
آیشمان بھارت اسکیم کے زمرے میں انعام پانے کیلئے ریاست کے درجنوں طبی اداروں نے درخواست دی تھی ۔فورم کے ذریعہ طے کئے گئے معیارات پر جب ان اداروں کو پرکھاگیاتو صرف ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج ہی معیار پر کھڑاثابت ہوا۔قابل ذکر ہے کہ ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج اوراسپتال میں آیشمان اسکیم گزشتہ برس اکتوبرماہ میں شروع کی گئی تھی۔
محض 13ماہ میں ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج میں مذکورہ اسکیم کے تحت سیکڑوں مریضوں کو فیضیاب کیا جاچکا ہے۔ان میں 70سے زیادہ قلبی امراض اورجوڑپیوندکاری سے متعلق ہیں۔
ملک کے باوقار اسکاچ ایوارڈ کیلئے تمام اہم سرکاری اورغیرسرکاری طبی اد اروں نے درخواستیں دی تھیں ان میں95فیصد سرکاری ادارے تھے لیکن پرائیویٹ طبی ادارہ ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج نے سلور ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے کامیابی کا پرچم لہرایا۔
واضح ہو کہ آیشمان اسکیم کے زمرے میں گجرات اورہریانہ کی اسٹیٹ ہیلتھ سوسائٹی کو طلائی تمغہ ملا ہے۔ڈاکٹرڈی کے واسنکر اورڈاکٹر نوین سنگھ نے بتایاکہ ایراز میڈیکل کالج اورہاسپیٹل کو اسکاچ آرڈر آف میرٹ کیلئے بھی منتخب کیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ کا سیمی فائنل راون تھااوریوپی سے صرف ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج نے ہی اس میں مقام حاصل کیا۔
ڈاکٹرواسنکر نے بتایاکہ میڈیاکل کالج میں غریب مریضوں کو پیش نظررکھتے ہوئے طبی خدمات دستیاب کرائی جاتی ہیں اوراسکیم نافذ ہونے کے بعد ہی انھیں اس طرح اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں۔آیشمان اسکیم کے تحت کامیاب علاج اورآپریشن میں ایرازمیڈیکل کالج یوپی اوراتراکھنڈ سمیت کئی ریاستوں کی فہرست میں اولین مقام پر ہے۔
ایرازمیڈیکل کالج کے کام کی ستائش ریاست کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی کرچکے ہیں۔آیشمان اسکیم کی پہلی سالگرہ پر گزشتہ 23 ستمبر کو لکھنؤ میں منعقد ایک پروگرام کے دوران ریاستی حکومت کے ذریعہ جاری ویڈیو میں ایرازمیڈیکل کالج کے کاموں کی ستائش کی گئی تھی۔
کچھ روز قبل ریاست کے وزیرصحت سدھارناتھ سنگھ نے بھی ایراز میڈیکل کالج کا دورہ کرکے یہاں آیشمان اسکیم کے تحت غریب مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولیات کی ستائش کی تھی۔