لکھنؤ: یوپی بورڈ کی 10 ویں اور 12ویں کے امتحانات کرانے کے لئے امتحانی مراکز کے تعین کا عمل پوار ہوگیا اور 74 اضلاع کے امتحانی مراکز کی حتمی فہرست بورڈ کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردی گئی۔یوپی بورڈ انتظامیہ نے 12 نومبر کو 10ویں و12ویں کے امتحان کے لئے 7761 مجوزہ امتحانی مراکز کی فہرست جاری کی تھی۔
اس کے بعد ہر ضلع میں مراکز کے تعین سے جڑے اعتراضات طلب کئے گئے تھے ۔ بورڈ نے 30نومبر کو امتحانی مراکز کی حتمی فہرست جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے پیش نظر سارے اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ و ضلع اسکول انسپکٹر کو 27 نومبر کی آدھی رات مراکز سے متعلق اپنے اعتراضات بورڈ کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
بورڈ کے سکریٹری نے نینا شریواستو کا دعویٰ ہے کہ اس سے قبل کبھی بھی امتحانی مراکز کی فہرست طے تاریخ پر جاری نہیں ہوسکی تھی۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب یو پی بورڈ نے مقررہ تاریخ پر امتحانی مراکز کی پوری فہرست جاری کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع گونڈہ سے مراکز کی تفصیلات تھوڑی تاخیر سے موصول ہوئیں تھیں اس لئے یہاں کے مراکز کا نام اپلوڈ نہیں کیا جاسکا تھا۔ اس ضلع کے مراکز کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلد ہی فہرست کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا جائے گا۔