کانپور (نامہ نگار)پنکی علاقہ میں دکان بند کرنے کے بعد گھر جارہے ایک صراف اور اس کے ملازم سے موٹرسائیکل پر سوار تین نامعلوم بدمعاشوں نے اسلحہ دکھا کر بیس کلو چاندی اور ہزاروں روپئے لوٹ لئے۔پولیس اس واردات کو مشتبہ مان رہی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایاکہ کل رات شری رام رستوگی صراف گنگا گنج میں واقع اپنی زیورات کی دکان کو بند کرکے جارہے تھے۔ان کے بیان کے مطابق بیگ میں بیس کلو چاندی اور کچھ ہزار روپئے رکھے ہوئے تھے۔ابھی وہ گھر کے اندر داخل ہونے والے ہی تھے کہ اسی دوران گھر کے باہر گھات لگا کر بیٹھے ہوئے تین بدمعاشوں نے اسلحہ دکھا کر ان کے ملازم سے چاندی سے بھرا ہوا بیگ چھین لیا اور فرار ہوگئے۔ صراف شری رام نے پولیس کو بتایا کہ بی
گ میں تقریباً بیس کلو چاندی اور ۸۵ ہزار روپئے رکھے ہوئے تھے۔ صراف نے بتایا کہ جب انہوں نے مخالفت کرنے کی کوشش کی تو بدمعاش انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دیکر فرار ہوگئے۔صراف نے واردات کی اطلاع پولیس کودی۔ اطلاع ملنے کے بعدپولیس کے اعلیٰ افسران جائے واردات پر پہنچے اور انہوں نے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس اس واردات کو مشتبہ مان رہی ہے کیونکہ انہوں نے شری رام اور اس کے ملازم کے بیان میں کچھ فرق محسوس کیا۔پولیس واردات کی تفتیش کررہی ہے۔