کیا آپ واٹس ایپ کے تمام فیچرز سے واقف ہیں؟ اگر آپ کا جواب ہاں ہے تو پھر بھی قوی امکان ہے کہ آپ اس میں چھپے ایک ایسے فیچر سے واقف نہیں ہوں گے جو اس کمپنی نے آنکھوں کے سامنے ہی چھپا کر رکھا ہوتا ہے۔
جی ہاں واٹس ایپ کا ایسا خفیہ فیچر جس کی بدولت آپ جان سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے کسی دوست یا گروپ یا کسی بھی کانٹیکٹ کو کتنی بار ٹیکسٹ میسجز، انیمیٹڈ تصاویر، اسٹیکرز، ویڈیوز اور دیگر چیزیں بھیجی ہیں۔
تو کیا آپ جاننا پسند کریں گے کہ آپ نے کسی دوست کے ساتھ چیٹ میں کتنا وقت گزارا ہے؟
اگر ہاں تو سب سے پہلے واٹس ایپ کو اوپن کریں اور سیٹنگز پر کلک کریں۔
آئی فون ایپ میں سیٹنگز کا آپشن نیچے موجود ٹیب میں ہوتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ صارفین اس کے لیے اوپر دائیں جانب موجود تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرسکتے ہیں۔
سیٹنگز اوپن کرنے کے بعد وہاں ڈیٹا اینڈ اسٹوریج یوز ایج کے آپشن پر جائیں اور وہاں اسٹوریج یوز ایج پر کلک کریں۔
وہاں آپ کے سامنے ایک پیج میں کانٹیکٹ لسٹ آجائے گی جبکہ ہر نام کے نیچے فائل کا حجم لکھا ہوگا۔
سب سے زیادہ بڑی فائل یا سب سے زیادہ رابطے میں رہنے والا کانٹیکٹ سب سے اوپر ہوگا کیونکہ اسے آپ نے سب سے زیادہ ٹیکسٹ، فوٹوز اور ویڈیوز سمیت دیگر میڈیا فائلز ارسال کی ہوں گی۔
مگر ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی گروپ سب سے اوپر نظر آئے جس میں آپ تو زیادہ پوسٹنگ نہ کرتے ہوں مگر دیگر افراد کی فائلز زیادہ ہوں۔
وہاں کسی بھی نام پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے ٹیکسٹ میسجز، تصاویر، اسٹیکرز، جی آئی ایف، ویڈیوز، آڈیو میسجز، لوکیشن، کانٹیکٹس (اگر شیئر کیے ہوں تو) اور ڈاکومینٹس کی تعداد اور فائل حجم لکھا نظر آئے گا۔
اس سے آپ کو احساس ہوگا کہ واٹس ایپ پر آپ اپنے دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ کتنا وقت گزارتے ہیں۔
یہ تو معلوم نہیں کہ یہ نیا فیچر کب واٹس ایپ میں متعارف کرایا گیا مگر یہ اسٹوریج منیجمنٹ کے لیے بھی کار آمد ہے جبکہ ان کو دیکھ کر آپ اس چیٹ کو ڈیلیٹ کرسکتے ہیں جو فون کی بہت زیادہ اسٹوریج استعمال کررہی ہو۔