بنگلورو: کرناٹک ضمنی انتخابات کے نتائج میں بی جے پی کے ہاتھوں زبردست شکست ملنے کے بعد سدارمیا نے اپوزیشن لیڈرکے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ کرناٹک میں برسراقتداربی جے پی نے ضمنی انتخابات میں 12 سیٹیں جیت کراسمبلی میں پیرکواکثریت حاصل کرلی۔ 15 سیٹوں پرہوئے ضمنی انتخابات میں اسے 12 سیٹوں پرکامیابی ملی جبکہ 2 سیٹوں پرکانگریس کو جیت ملی ہے جبکہ ایک سیٹ سے آزاد امیدوارکامیاب ہوا ہے۔ جے ڈی ایس کا کھاتہ بھی نہیں کھلا۔
وہیں کرناٹک کے وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے کہا کہ وہ اپنے باقی کے ساڑھے تین سال کی مدت کے لئے مستحکم اور ترقی پر مبنی حکومت دیں گے۔ انہوں نے یہاں صحافیوں سے کہا ‘رائے دہندگان نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اورنتائج آچکے ہیں۔ اب ہمیں ریاست کی ترقی پر توجہ مرکوزکرنی ہے۔ میں اپنے وزراء اوراراکین اسمبلی کی ممد سے آئندہ تین سال کے لئے اچھی حکمرانی دوں گا’۔ انہوں نے بغیرکسی تعطل کے اپنی مدت پوری کرنےکےلئے اپوزیشن سے تعاون طلب کی۔
یدی یورپا نے کہا ‘اپوزیشن لوگوں کے درمیان خوف پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ میں ان سےاپیل کرتا ہوں کہ کم ازکم اب سے اپنی پوری حمایت ہمیں دیں۔ ہم نے اسمبلی کی رکنیت سےنااہل قراردیئےگئے سبھی اراکین اسمبلی کویقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں وزیربنایا جائے گا’۔ وزیراعلیٰ نےکہا ‘اس لئےان سے وعدہ خلافی کرنےکا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ ہم انہیں وزیربنائیں گے’۔