ممبئی (وارتا) ملک کی موٹر بنانے والی اہم کمپنی نسان موٹر انڈیا نے کار وں کی اکسائز ڈیوٹی میں چھہ فیصد تک کی تخفیف کے مد نظر اپنی کاروں کی قیمتوں میں ۴ سے ۶ فیصد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نسان انڈیا کے صدر کے نیچرو یومورانے ایک بیان میں ۱۵۔ ۲۰۱۴ کے عبوری بجٹ میں کارو ں پر اکسائز ڈیوٹی میں کمی کئے جانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گاڑیوں کی قیمتوں میںکمی آنے کے ساتھ ہی گھریلو سطح پر اس کی مانگ میں بھی اضافہ ہو گا ۔ انہو ںنے کہا کہ قیمت میں کمی ۱۸ فروری سے موثر سمجھی جائے گی ۔اس اعلان سے کمپنی کی مائکرا ایکٹیو ، مائکرا سنی ، ایویلیا ،ٹیرینو اور ٹییینا جیسی کاروں کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ وہیں ماروتی سوزوکی انڈیا اور ہنڈی موٹر انڈیا نے بھی گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے کا آج اعلان کیا۔ ماروتی سوزوکی نے اپنی گاڑیوں کی قیمت ۸۵۰۲ روپئے سے ۳۰۹۸۴ روپئے کے درمیان کم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ہنڈئی موٹر کی گاڑیوں کی قیمتوں میںدس ہزار روپئے سے ۱۳۵۰۰۰ روپئے کے درمیان تخفیف کی گئی ہے ۔