کسی فلم میں دو چوٹی کے فنکاروں کے ہونے سے وہ بحث میں آ ہی جاتی ہے ۔ ایسی ہی ایک فلم گلاب گینگ بہت جلد ناظرین کے سامنے ہوگی جس میں بالی وڈ کی دو بہترین اداکارائیں آمنے سامنے ہیں ۔ ایک اپنی خوبصورت اداوں سے ناظرین پر حکومت کرتی آئی ہے تو دوسری کے ناز و انداز کے ہمیشہ ہی سے ناظرین دیوانے ہیں ۔ یہ د
ونوں بے مثال آرٹسٹ اس فلم میں پہلی بار ایک ساتھ آ رہے ہیں ۔ عورتوں کے مسئلے پر بنی اس فلم گلاب گینگ میں جہاں جوہی چاولہ پہلی بار نگیٹو رول میں ہیں تو وہیں دوسری طرف عورتوں کے مسئلے کو زوردار طریقے سے اٹھانے والی مادھوری دکشت بہت ہی بااثر رول میں نظر آئیں گی ۔ اس فلم سے پہلے بھی جوہی چاولہ اور مادھوری دکشت کو یش چوپڑا نے ساتھ لانے کی کوشش کی تھی لیکن اس وقت جوہی چاولہ مادھوری کے اسٹارڈم کے سامنے کھڑا ہونے کی ہمت نہیں جٹا پائی تھی جبکہ ان کا بھی بالی وڈ میں مقام کوئی کم نہیں تھا ۔ ناظرین کا ایک بڑا طبقہ ان کو اپنے سر آنکھوں پر اٹھائے ہوئے تھا ۔ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود اس فلم میں کام کرنے سے جوہی چاولہ نے انکار کر دیا تھا ۔ لیکن اب وہ اس فلم میں مادھوری کو ٹکر دینے کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہیں ۔ اس فلم میں کام نہ کر پانے کا ذرا بھی افسوس جوہی کو نہیں ہے ۔ بعد میں یش چوپڑا کی اس فلم’دل تو پاگل ہے‘ میں جوہی چاولہ کی جگہ کرشمہ کپور کو لیا گیا ۔ یہ فلم سپر ہٹ رہی اور کرشمہ کپور کو بیسٹ اسسٹنٹ ایکٹریس کے طور پر نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ۔جوہی چاولہ کو بالی وڈ کی ایک ایسی ایکٹریس مانا گیا ہے جنہوں نے اپنی دلکش اداوں اور چلبلے پن سے ناظرین کا ڈھیر سارا پیار ملا ۔ اب ’ گلاب گینگ ‘ میں اس چلبلی امیج والی حسینہ کو سمترا دیوی کے نگیٹو رول میں دیکھنا خاصا دلچسپ ہوگا ۔ وہیں مادھوری دکشت رجّو کے رول میں ہے ۔ وہ ایک ایسی خاتون تنظیم کی سربراہ ہیں جو حکومت میں بیٹھے کچھ بدعنوان لوگوں اور عورتوں پر ظلم و زیادتی کرنے والوں کے خلاف ایک آواز ہیں ۔ اس سے پہلے بھی مادھوری دکشت عورتوں کے مسائل کو لے کر بنی فلم میں اپنا جوہر دکھا چکی ہیں ۔ ابھی حال ہی میں ریلیز فلم ڈیڑھ عشقیہ میں مادھوری کے انداز و بیان نے ناظرین کو کافی متاثر کیا ہے ۔ یہ ایک طرح سے مادھوری کی ’کم بیک فلم‘ مانی جا رہی تھی ۔ اگرچہ یہ پہلی بار ہی دیکھنے آ رہا ہے کہ کسی شادی شدہ ہیروئین کو ناظرین اتنی توجہ دے رہے ہیں ۔ ورنہ عام طور پر شادی شدہ ہیروئنوں کے فلموں میں آ کر کامیاب ہونے کی مثال شاید ہی ملتی ہے ۔ یہ بھی عجیب ہے کہ اس فلم میں دونوں ہی لیڈ فی میل ایکٹریس شادی شدہ ہیں ۔ اتنا ہی نہیں بطور ڈائریکٹر سومی سین کی یہ پہلی فلم ہے ۔ اس لئے گلاب گینگ ان کے لئے بھی ایک چیلنج کے طور پر ہوگی ۔دوسری طرف جوہی چاولہ نے کہا ہے کہ مادھوری ڈکشٹ منجھی ہوئی اداکارہ ہیں ان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کام کر کے اپنا ماضی یاد آ گیا، مادھوری صرف اداکارہ ہی نہیں ہیں بلکہ مکمل اکیڈمی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ رو ز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بھارتی فلم ڈائریکٹر سومک سین کی فلم گلاب گینگ کی شوٹنگ کے دوران اکثر جب ہماری آپس میں بات چیت ہوتی تھی تو ہم ماضی کے جھروکوں میں چلے جاتے تھے، انھوں نے کہا کہ وقت کیسے گزر گیا یہ پتہ ہی نہ چل سکا مگر ایک اچھی بات یہ ہے ہم نے بھر پور وقت گزارا اور ہمارے سینئرز اور جونئیرز نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا، 90 کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری میں سخت مقابلہ ہوتا تھا، ہر آنیوالی نئی فلم اپنے مقابل بننے والی فلم کو ٹف ٹائم دیتی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ نے کہا کہ بھارتی فلم گلاب گینگ کامیاب ہوگی، فلم کی کہانی اور اس کے گانے بتا دیتے ہیں کہ اس کا کیا مستقبل ہوگا، میرے حد تک اگر یہ سوال ہو تو فلم بہت کامیاب ہوگی مگر اب عوام کا فیصلہ کیا ہے، یہ 7 مارچ تک معلوم چلے گا۔ واضح رہے بھارتی فلم ڈائریکٹر سومک سین کی فلم گلاب گینگ 7 مارچ کو ریلیز ہو گی۔