نئی دہلی، 18 دسمبر ( یواین آئی) شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کے خلاف سیلم پور میں پرتشدد جھڑپوں کے بعد منگل کی شب نو بجے کے قریب برج پوری میں لوگ اچانک سڑکوں پر آکر پر تشدد مظاہرہ کرنے لگے ۔
اس دوران بھڑکے تشدد اور پولیس کارروائی میں کچھ پولیس اہلکار سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ۔ برج پوری میں مظاہرے شروع ہونے کے کچھ ہی دیر میں تشدد بھڑک گیا ۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور لاٹھی چارج کر کے جلد ہی حالات پر قابو پا لیا ۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے دیر رات تک اس علاقے میں ریپڈ ایکشن فورس نے گشت کی ۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ کسی بھی طرح کے تشدد پر قابوپانے کے لئے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے سی اے اے کی مخالفت میں منگل کو يمناپار کے سیلم پور علاقے میں مظاہرین نے جم کر تشدد کی ۔
پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے ۔ پر تشدد مظاہروں کو مدنظررکھتے ہوئے دہلی میٹرو ریل سروس کے سات اسٹیشنوں پر لوگوں کا داخلہ اور باہر نکلنا بند کرنا پڑا ۔ سی اے اے کی مخالفت میں اتوار کو جامعہ میں بھی تشدد بھڑک گیا تھا اور دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی ) کی بسوں کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ کئی دیگر گاڑیاں بھی نذر آتش دی تھی ۔
سیلم پور میں سي اےاے کی مخالفت میں مظاہرہ کر رہے مظاہرین نے جم کر تشدد کیا۔ ڈی ٹی سی کی دو بسوں اور ریپڈ ایکشن فورس کی ایک گاڑی کے علاوہ کچھ دیگر گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کی رپورٹیں ہیں ۔ پولیس پر بھی جم کر پتھراؤ کیا گیا ۔