پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی نامور اداکارہ زیبا شہناز کے 27 سالہ بھتیجے محمد شاہ سبحانی کو رواں سال رمضان میں لندن میں اغوا کرلیا گیا تھا جس کے انتقال کی خبر گزشتہ روز سامنے آگئی۔
زیبا شہناز کے بھتیجے کے انتقال کی خبر کا اعلان غیر سرکاری تنظیم جے ڈی سی کے رہنما نے ایک ویڈیو میں کیا۔
اس ویڈیو میں سماجی کارکن ظفر عباس کے ہمراہ اداکارہ زیبا شہناز اور ان کے بھائی بھی موجود تھے۔ اداکارہ اس موقع پر نہایت آبدیدہ نظر آئیں، اپنے بھتیجے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رواں سال رمضان میں اسے اغوا کیا گیا تھا جسے کئی ماہ تلاش کیا گیا۔
ان کا اپنے بھتیجے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ‘میرا بھتیجا ہمارے خاندان کا ایسا بچہ تھا جس کی ہر کوئی گواہی دیتا ہے کہ وہ سب کا خیال رکھنے والا اور ماں باپ کو چاہنے والا تھا، اس کا واحد شوق صرف جم جانا تھا’۔
واقعے کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘میرے بھتیجے سے کسی نے پیسے ادھار لیے تھے جس کی واپسی کا وہ مطالبہ کررہا تھا پر وہ دے نہیں رہے تھے، پھر پہلی رمضان کو اسے کال آئی اور ایک مقام پر بلایا کہ وہاں آکر اپنے پیسے لےلو، وہ اپنے ابو کی نئی گاڑی لے کر گیا، دوپہر ساڑھے تین بجے وہ گیا، اس کی ماں افتار تک انتظار کرتی رہی لیکن وہ لوٹا نہیں’۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ‘وہ اپنے ہر لمحے کی اطلاع والدین کو دیتا تھا، کہ کب جم جارہا ہے، کب کھیلنے جارہا ہے، لیکن اس بار صرف اس کی گاڑی ملی تھی’۔
جے ڈی سی کے رہنما نے یہ بھی بتایا کہ رمضان میں بھتیجے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد 17 رمضان کو زیبا شہناز لندن روانہ ہوئیں تھی۔
زیبا شہناز نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید تھی کہ بھتیجا واپس مل جائے گا کیوں کہ اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھتیجے کی شادی کو صرف تین سے چار ماہ گزرے تھے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق لندن کی پولیس محمد شاہ سبحانی جنہیں ‘شاہ’ نام سے پکارا جاتا تھا کہ قتل کیس میں 8 افراد کو گرفتار کیا جن میں ایک 67 سالہ خاتون بھی شامل ہیں۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کو محمد شاہ سبحانی کی لاش ان کے گھر سے 24 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک جنگل سے ملی۔
پولیس کے مطابق محمد شاہ سبحانی کسی عورت کے بلانے پر اس سے پیسے لینے وہاں پہنچا تھا۔
ان کے بہن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھائی کے قتل پر انصاف ملنے کا مطالبہ کیا۔
قیرات سبحانی کا کہنا تھا کہ ‘کسی نے میرے بھائی کو بےدردی سے قتل کردیا، اس کی لاش کو ایک جنگل میں دفنا دیا تاکہ کوئی ثبوت باقی نہ رہے اور اب ہمیں صرف اس کی ہڈیاں ملی ہیں، یہ بات زندگی بھر ہمیں خوفزدہ رکھے گی’۔
زیبا شہناز کا اس دکھ کے موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص اس مشکل کے موقع پر ان سے ملنے نہیں آیا۔
ویڈیو میں اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ اس عورت نے لڑکوں کے ساتھ مل کر ان کے بھتیجے کو قتل کیا، پولیس نے اس عورت کو لندن کے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔