ممبئی: پاکستانی معروف اداکارہ سارہ لورین نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں ایک ورسٹائل پرفارمر کے طور پر اپنی شناخت بنانا چاہتی ہوں۔ اپنی تیسری بالی ووڈ فلم برکھا کی شوٹنگ میں مصروف سارہ لورین نے ممبئی سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں انکا کردار مرڈر تھری اور کجرارے سے ہٹ کر ہے۔ واضح رہے کہ سارہ لورین اپنی عمدہ اداکاری کی بدولت انڈیا میں باکس آفس فیورٹ کے طور پر تیزی سے اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔ برکھا کا میوزک معروف کمپوزر امجد ندیم نے ترتیب دیا ہے جبکہ سونو نگم اور شریا گھوشال جیسے سریلے گلوکاروں نے اس فلم میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ برکھا کے بارے میں سارہ لورین نے بتایا کہ یہ ایک رومانوی فلم ہے جس میں ایک اہم سوشل میسج بھی ہے۔ سارہ کا کہنا تھا کہ برکھا کا سکرپٹ میرے دل کے قریب ہے اور اس میں عورت کے مختلف روپ پیش کیے گئے ہیں۔ سارہ لورین نے کہا کہ اداکاری میرا جنون ہے اور میں کام سے نام بنانے پر یقین رکھتی ہوں۔ میں بے پناہ محنت کر رہی ہوں اور میری پوری توجہ اپنے کام پر ہے کیونکہ میں خوابوں کی اس فلم نگری میں طویل عرصے تک حکمرانی کرنا چاہتی ہوں۔ فلم’ برکھا’ کے ہدایتکار شاداب مرزا ہیں اور بطور ہدایتکار یہ ان کی پہلی فیچر فلم ہے۔ فلم کے دیگر اہم اداکاروں میں پریانشو چٹر جی، شیوٹا پنڈت، پونیت اسرار وغیرہ شامل ہیں۔