نئی دہلی، 21 دسمبر (یواین آئی) شہریت ترمیمی قانون (سي اےاے) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی ) کے خلاف جمعہ کی شام یہاں دریا گنج میں ہوئے تشدد معاملہ میں پولیس نے مزید 10 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار لوگوں پر تشدد بھڑکانے، آگ زنی، اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی نبھانے سے روکنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
سي اےاے اور این آرسي کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگ یہاں دہلی گیٹ کے قریب مشتعل ہو گئے اور اس دوران ایک گاڑی میں بھی آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق دریا گنج میں گھنٹوں سے جمع بھیڑ شام کو مشتعل ہو گئی۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے پانی کی بوچھاریں ماریں لیکن بڑی تعداد میں لوگ دریا گنج میں جمع ہو گئے۔
احتجاج و مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے منڈی ہاؤس سے آئی ٹی او کی جانب جانے والی سڑکوں پر ٹریفک روک دی گئی۔ اس کے ساتھ لوگوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے اور سیکورٹی وجوہات سے پرانی دہلی کے چاؤڑي بازار، لال قلعہ، جامع مسجد دہلی گیٹ سمیت 17 میٹرو اسٹیشنوں کو بند کردیا گیا۔ مختلف طلبا تنظیموں کی جانب سے انڈیا گیٹ کے قریب شام کے احتجاج کے پیش نظر ان میٹرو اسٹیشنوں کو بند کیا گیا۔