امریکا کی قیادت میں دہشت گردی کےخلاف سرگرم بین الاقوامی عسکری اتحاد نے شدت پسند تنظیم ‘داعش’ کےسربراہ ابو بکر البغدادی کی زندہ یا مردہ گرفتاری میں مدد فراہم کرنے یا اس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر پچیس ملین ڈالر کا انعام مقرر کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراق کے شہر الرمادی میں اتحادی فوج نےطیاروں کی مدد سے شہری آبادی میں پمفلٹ گرائے جن میں شہریوں سےالبغدادی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کوکہا گیا ہے۔ ان پمفلٹس پر البغدادی کے سرکی قیمت 25 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
الرمادی شہر کی پولیس کاکہنا ہے کہ اتحادی طیاروں نے منگل کی شام الرمادی میں پمفلٹ گرائے جن میں مقامی آبادی کو داعش کے سربراہ کےبارے میں معلومات فراہم کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
عراق میںگرائے گئے پمفلٹس میں شہریوں کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ داعش کے سربراہ نے ‘البغدادی نے آپ لوگوں کے خلاف جنگ کی، آپ کی اراضی غصب کی اور تمہاری اہل خانہ کو قتل کیا۔ وہ اپنی تباہی اور موت سے بچنے کے لیے چھپتا پھر رہاہے۔ آپ اس کے بارے میں درست معلومات دے کر اس کے ہاتھوں ہونے والی تباہی اور بربادی کا انتقام لےسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کے ٹھکانے کےبارے میں متضاد اطلاعات کے ساتھ اس کی مارے جانے کی افواہیں بھی گردش کرتی رہی ہیں مگر اس کے بارے میں درست معلومات نہیں مل سکی ہیں۔