ہالینڈ میں قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کے ردعمل میں ہالینڈ میں قرآن پاک کو ڈچ ترجمہ کے ساتھ تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے ۔
گزشتہ برسوں کے دوران کئی یورپی ممالک میں اسلام فوبیا نے معاملات کو غیر معمولی سطح پر لے جایا گیا ہے۔ نتیجتاً مسلمانوں کے حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے۔
ہالینڈ، سویڈن اور ناروے میں اسلامو فوبک واقعات ہو رہے ہیں۔ ڈنمارک اور ہالینڈ میں بہت سے انتہائی دائیں بازو کے عیسائیوں نے بھی مسلمانوں سے نفرت کے اظہار کے لیے قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی جیسی گھناؤنی حرکتیں کی ہیں۔
ہالینڈ میں 13 جنوری کو انتہائی دائیں بازو کے مفکر نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ اس مذموم کوشش کے جواب میں مسلمانوں نے قرآن کے نسخے تقسیم کرنے کی مہم شروع کر دی ہے تاکہ ڈچ معاشرے میں اسلام کی تعلیمات عام ہو سکیں۔
ہالینڈ کے شہر ارنہم میں قرآن پاک کے نسخے تقسیم کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کو قرآن پڑھانا اور مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔
اس سلسلے میں 6 مساجد فاؤنڈیشنز کے منتظمین نے ارنہم شہر کے ایک چوک میں ‘جلاؤ مت، پڑھو’ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں چوک سے گزرنے والوں کو ہالینڈ کے ترجمے پر مبنی قرآن پاک کے نسخے دیئے گئے۔ اس کے ساتھ اسلام سے متعلق بروشرز بھی تقسیم کیے گئے۔ قرآن پاک کے نسخوں کی تقسیم کی اس تقریب میں مٹھائی کی تقسیم کا بھی اہتمام کیا گیا۔