اورنگ آباد، 23 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین سمیت تین لوگوں کے خلاف 20.96 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کے معاملہ میں مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مسٹر اظہر الدین کے خلاف یہ معاملہ دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایجنسی کے مالک اور اورنگ آباد کے لیبر کالونی رہائشی محمد شہاب محمد یعقوب (49) نے بدھ کی شب یہ شکایت درج کرائی۔
پولیس کے مطابق اورنگ آباد رہائشی اور مسٹر اظہر الدین کے پرائیویٹ سکریٹری ماجد خان نے نومبر 2019 میں دانش ٹور اینڈ ٹریولز ایجنسی سے کیرالہ رہائشی سدیش اوككل اور آندھرا پردیش رہائشی محمد اظہر الدین کے لئے ممبئی سے دبئی ہوتے ہوئے پیرس اور ممبئی سے پیرس ہوتے ہوئے دبئی کا ٹکٹ بک کرایا تھا۔
شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اس کے لئے ماجد خان نے چیک جاری کیا تھا۔ مسٹر شہاب نے جب مسٹر ماجد سے کرایہ کی ادائیگی کرنے کو کہا تو انہوں نے بار بار ٹالنے کی کوشش کی۔
پولیس نے شہاب کی شکایت کے بعد تین افراد کے خلاف رپورٹ درج کر کے معاملہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔