گورکھپور: تیواری پور کے رہنے والے متاثر نے اے ڈی جی گورکھپور زون اکھل کمار سے ملاقات کرکے اپنی آپ بیتی سنائی ، متاثر نے بتایاکہ ایک برخاست سپاہی ان کے مکان میں کرایہ پر رہتاتھا، اس نے بتایاکہ سال ۲۰۲۱میں ایک لڑکی کی عصمت دری معاملہ کے الزام میں اسے پولیس نے جیل بھیج دیاتھا،اس کے چھوٹنے کے بعد سے ہی سپاہی فرضی معاملے میں اسے پھنسا رہاہے،الزام ہے کہ بدلا لینے کیلئے اس کے اوپر چار بار عصمت دری کا مقدمہ درج کرایاگیاہے۔
اے ڈی جی گورکھپور زون اکھل کمار نے ایس پی جنوبی کو جانچ سونپنے کے ساتھ ہی ہدایت دی ہے کہ معاملہ اگر صحیح ہے توبرخاست سپاہی اور اس کے معاونین کے خلاف مقدمہ درج کراکر جیل بھیجیں۔تیواری پور تکیہ کے رہنے والے متاثر برجیش نے بتایاکہ سراتی دیوی نام کی ایک نامعلوم خاتون نے ان کے اوپر بستی اور گورکھپور ضلع میں چار بار عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا ہے ، بار بار فرضی مقدمہ درج ہونے کی وجہ سے ان کا پوراکنبہ دماغی طور سے پریشان ہے، الزام ہے کہ ہرش گپتا اور رویش کمار مل کر لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں اور مقدمہ قائم کراکر لوگوں سے رقم اینٹھنے کا کام کرتے ہیں۔ واضح ہوکہ گزشتہ ۱۹؍اکتوبر کو شاہ پور پولیس نے چھیڑخانی اور عصمت در ی کا فرضی مقدمہ درج کراکر روپئے وصولنے والے گروہ کا پردہ فاش کیاتھا۔ اسپتال چلانے والے ونے سنہا نے تجارت کے نام پر کئی لوگوں سے روپئے لئے تھے،واپس مانگنے پر فرضی مقدمہ درج کرواتا تھا اس کے گروہ میں دیوریاضلع کی رہنے والی دوخواتین اور ایک دوشیزہ شامل تھی۔دس دن قبل پولیس نے دونوں خواتین کو شہ زوری مانگنے اور دھمکی دینے کے مقدمہ میں گرفتار کرکے جیل بھیجاتھا۔
خصوصی مختصر نظر ثانی مہم کے تحت شہر اور دیہی علاقوں میں پولنگ بوتھوں پر لگائے گئےکیمپ
دیوبند۔(نامہ نگار)۔اسمبلی انتخابی حلقوں کی ووٹر فہرستوں کے لئے خصوصی مختصر نظر ثانی2024 مہم کے تحت اتوار کو شہر اور دیہی علاقوں میں پولنگ بوتھوں پر خصوصی کیمپ لگائے گئے۔ مہم کے دوران ووٹر فہرست میں اہل ،چھوٹے ہوئے اور نوجوان ووٹروں کے ناموں کا اندراج کرتے ہوئے ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کیا گیا ۔مہم کے تحت یکم جنوری 2024کو 18سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹروں نے پہنچ کر اپنے ناموں کا اندراج کرایا، لیکن بوتھوں پر دی گئی ووٹر لسٹ میں تبدیلی اور کئی بی ایل اوز کے متعلقہ بوتھوں پر نہ پہنچنے کی وجہ سے ووٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔خصوصی مختصر نظر ثانی مہم کے تحت انتخابی فہرستوں میں 18سال کی عمر کو پہنچے نوجوان ووٹرز کے لئے تحصیل دیوبند کے تمام پولنگ بوتھوں پر خصوصی کیمپ لگائے گئے۔ جن میں نئے ووٹرز نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا۔ اس دوران شہر کے تمام بوتھوں بشمول اسلامیہ ڈگری کالج، اسلامیہ انٹر کالج، ایچ اے وی انٹر کالج، رہتی دیوی کنیا انٹر کالج، نگر پالیکا دیوبند اور دیہی علاقوں بشمول رنکھنڈی، بھائلہ، دیوالہیڈی، باستم،سلطان پور، ساکھن،سانپلہ اور گوپالی میں بھی تمام ووٹر سنٹرز پر بی ایل اوز نے لوگوں سے فارم نمبر 6، 7 اور 8 بھروائے۔ اس دوران ایس ڈی ایم دیوبند انکور کمار ورما نے شہر اور دیہی علاقوں میں مختلف بوتھس کا معائنہ کیا اور بی ایل اوز کوضروری ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی اہل فرد کا نام ووٹر لسٹوں میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے۔