لکھنؤ: اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے حضرت گنج علاقے میں واقع لیوانہ ہوٹل میں پیر کی صبح زبردست آگ لگ گئی۔
آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دو خواتین دوران علاج جھلس کر دم توڑ گئیں۔ ابھی سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔ ملازمین اور مہمانوں سمیت متعدد افراد جھلس گئے ہیں۔ فائر ٹینڈر آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق شہر کے حضرت گنج تھانہ علاقہ میں مہاتما گاندھی مارگ پر واقع ہوٹل لیوانہ میں علی الصبح آگ لگ گئی۔ پولیس نے فی الوقت اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بتانے سے انکار کیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے صرف اتنا بتایا کہ ہوٹل سے ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ لوگوں کو زخموں کی وجہ سے علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔
دریں اثنا، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری علاج کے لیے اسپتال لے جانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلی کے دفتر سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق، یوگی نے ضلع انتظامیہ کے افسران کو زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی اور ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور راحت اور بچاؤ کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ اس ہوٹل کے قریب کئی بڑے کاروباری ادارے واقع ہیں۔ آگ لگنے سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز اور پولیس نے فوری طور پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو گی۔