اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہفتہ کے روز دیر شام اینیکسی میں افسران کے ساتھ میٹنگ کر رہے تھے۔ دریں اثنا پگڑی باندھے ایک بزرگ نے سخت سکیورٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے اینیکسی کے سامنے سڑک پر چادر بچھا کر نماز پڑھنے لگا۔
نماز پڑھنے کے بعد اس نے یوگی اور مودی کے خلاف نعرے بازی کر کے ہنگامہ کیا اور چلا گیا۔ اس دوران سی ایم دفتر پر تعینات پولیس اہلکار اس کی ویڈیو کلپ بناتے رہے۔ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ہنگامہ مچ گیا۔ ایس ایس پی نے اس معاملہ میں دو سپاہیوں کو معطل کر دیا ہے۔
دراصل، حضرت گنج علاقہ میں واقع وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے سامنے ایک عجیب نظارہ دیکھنے کو ملا۔ یہاں اینیکسی کے سامنے ہری پگڑی باندھے ایک شخص اپنی اسکوٹی سے آکر رکا۔ اس کے بعد اس شخص نے بھیڑ بھاڑ کے بیچ اینیکسی کے گیٹ نمبر 1 کے سامنے پہلے مودی اور یوگی کے خلاف نعرہ لگایا اور پھر وہیں نماز پڑھی۔ سڑک پر جام لگتے ہی ٹریفک پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ تھوڑی دیر میں ہنگامہ کے بعد بزرگ نے چادر سمیٹی اور اسکوٹی لے کر چلا گیا۔
ایس ایس پی کلاندھی نوتھانی کے مطابق ملزم کی شناخت عیش باغ رام نگر کے رہائشی رفیق احمد کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے خلاف حضرت گنج تھانے میں سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے، امن میں خلل پیدا کرنے کی کوشش سمیت سات دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ تو وہیں دوسری جانب پولیس نے ملز م بزرگ کو گرفتار کر لیا ہے۔