سری نگر، یکم جون (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جیش محمد نامی جنگجو تنظیم کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے چھ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کے علاوہ اسلحہ، نقدی رقم اور منشیات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے میڈیا کے نام جاری ایک بیان میں کہا کہ مصدقہ اطلاع ملنے پر بڈگام پولیس نے 50 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم کے ساتھ بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جیش محمد نامی جنگجو تنظیم کی ایک کمیں گاہ تباہ کرکے جنگجوؤں کے چھ اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدہ اعانت کاروں کی شناخت مدثر فیاض ساکن کرالپورہ، شبیر گنائی ساکن واتھورہ، صغیر احمد پوسوال ساکن کپوارہ، اسحاق بٹ ساکن شوپیاں اور ارشد ٹھوکر ساکن شوپیاں کے بطور ہوئی ہے جبکہ چھٹے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق گرفتار شدہ اعانت کاروں کی تحویل سے چینی ساخت کا ایک پستول، ایک پستول میگزین، چار پستول راؤنڈس، ایک ہتھ گولہ، ایک کلو ہیروئن اور 1 لاکھ 55 ہزار روپے نقدی ضبط کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ماڈیول پاکستان نشین جنگجوؤں کے ساتھ رابطے میں رہ کر کام کررہا تھا اور کالعدم جنگجو تنظیم جیش محمد سے وابستہ جنگجوؤں کو اسلحہ اور رقم فراہم کرنے کے علاوہ منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث تھا۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دریں اثنا کشمیر پولیس زون نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘بڈگام پولیس نے جنگجوؤں کی ایک نارکو کمیں گاہ کو تباہ کیا، کالعدم تنظیم جیش محمد سے وابستہ چھ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا گیا،ان کی تحویل سے منشیات اور اسلحہ ضبط، اس سلسلے میں ایک کیس درج’۔