سری نگر، 24 دسمبر؛ جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آرونی گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات کو اننت ناگ کے آرونی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا۔
اُن کے مطابق مہلوک جنگجو کی شناخت اور اُس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔