سائٹبا گاؤں میں 36سالہ سریاتی نامی خاتون اپنے بیمار بچے کے لیے دوا خریدنے کے لیے منگل کی صبح گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہو گئی تھی—فوٹو: اے ایف پی
انڈونیشیا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب گھر سے بیمار بیٹے کی دوائی کے لیے جانے والی خاتون کو اژدھے نے زندہ نگل لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی انڈونیشیا میں ایک خاتون اژدھے کے پیٹ میں مردہ پائی گئی، خاتون بیٹے کی دوا خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھی کہ راستے میں اژدھے نے نگل لیا۔
رپورٹ کے مطابق سائٹبا گاؤں میں 36 سالہ سریاتی نامی خاتون اپنے بیمار بچے کے لیے دوا خریدنے کے لیے منگل کی صبح گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہو گئی تھی، خاتون کےگھر واپس نہ لوٹنے کے بعد رشتے داروں نے تلاش شروع کردی اور پولیس کو اطلاع دی، کچھ دیر بعد خاتون کے شوہر 30 سالہ اڈیانساکو گھر سے 500 میٹر کے فاصلے پر اہلیہ کے کپڑے اور چپلیں ملیں۔
شوہر نے تقریباً 10 میٹر کے فاصلے پر ایک سانپ دیکھا، سانپ ابھی تک زندہ تھا جس کا پیٹ بہت زیادہ پھولا ہوا تھا جس کے بعد خاتون کے شوہر نے گاؤں کے لوگوں کو بلا کر اژدھے کا پیٹ کٹوایا، پیٹ کاٹنے پر اندر لاش موجود تھی جسے باہر نکال لیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں ایک اژدھا خاتون کو نگل گیا تھا جس کے بعد اس کا پیٹ کاٹ کر خاتون کی لاش باہر نکالی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق صوبے میں ایک ماہ کے دوران اژدھے سے ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گزشتہ سال صوبے کے رہائشیوں نے 8 میٹر لمبے اژدھے کو مار ڈالا تھا جو ایک گاؤں میں کسان کو کھاتا ہوا پایا گیا تھا۔