لکھنؤ: ایل ڈی اے کی چیئرپرسن منطقائی کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب کی صدارت میںجمعہ کو منعقدجلسہ میں 5دسمبر سے 20دسمبر تک خصوصی رجسٹری کیمپ منعقدکرانے کافیصلہ کیاگیا۔ کیمپ میں ایل ڈی اےکی مختلف رہائشی اورکمرشیل املاک کی رجسٹری ہوگی۔
کیمپ کے شروعاتی دس دنوںمیں ایل ڈی اے کےمتعلقہ افسر اور ملازمین بارہ دری لان میںبیٹھ کررجسٹری کے دستاویز تیار کرائیں گے اورآخری پانچ دنوں میں رجسٹری شعبہ کےافسرکیمپ میں رجسٹری کرائیںگے۔
جلسہ میں ایل ڈی اے وی سی ڈاکٹر اندر منی ترپاٹھی نے بتایا کہ کل 11270 ؍املاک کی رجسٹری ہونی ہےجس میں سے 893 معاملے زیر عمل ہیں۔ منطقائی کمشنرنےکہاکہ جن الاٹیوں کا پورا پیسہ جمع ہے ان کی الگ فہرست بنائیں اور خصوصی رجسٹری کیمپ میں بلاکر رجسٹری کرائیں ۔ جن لوگوںنے پیسہ جمع نہیںکیاہےانہیں ریمائنڈر نوٹس بھیجیں۔
انہوںنےکہاکہ 22دسمبر کو وہ ایل ڈی اے بھون واقع دفترمیں رجسٹری کے زیرالتوامعاملوںکی سماعت کریں گی۔ اس دوران رجسٹری کو بلاوجہ زیرالتوارکھنےکامعاملہ آیاتومتعلقہ ملازمین کےساتھ افسرکی جواب دہی طے کرکے کارروائی ہوگی۔
جلسہ میں نام تبدیلی کے384 ، فری ہولڈ کے137 او ر ریفنڈکے 107 زیرالتوامعاملوںکا منطقائی کمشنرنے جواب طلب کیا۔ منطقائی کمشنر نے ریفنڈ کے سبھی 107معاملوں کا دوشنبہ کی شام تک اور متنازع معاملوں کو چھوڑکر نام تبدیلی اور فری ہولڈ کے باقی سبھی معاملوں کےنمٹارہ کی ہدایت دی۔ منطقائی کمشنرنے نقشہ کی منسوخ درخواستوں کی فہرست متعلقہ زونل افسران کو دستیاب کرانے کی ہدایت دی تاکہ غیرقانونی تعمیرات کی سیلنگ اورانہدام کی کارروائی یقینی ہو۔
جلسہ میں ٹینڈرکی کارروائی میں غیر ضروری طورسے زیادہ وقت لگنے پرناراضگی ظاہرکرتےہوئےانہوںنے ٹینڈرکےعمل میں علاحدہ کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنےکہاکہ کوئی بھی ٹینڈر نکالنے میں15دن سے زیادہ کاوقت نہ لگے۔
جن سرمایہ کاروں نے گرائونڈبریکنگ سیریمنی کے تحت ایل ڈی اے کےساتھ ایم او یو سائن کیا ہے انہیںکسی بھی محکمہ سے این او سی وغیر ہ کی دقت نہ ہو۔ جن معاملوںمیں ایسی دقت ہے انہیںضلع ومنطقائی سطح کےماہانہ جائزہ جلسہ میں پیش کریں۔
جلسہ میں سکریٹری پون کمارگنگوار، ایڈیشنل سکریٹری گیانیندرورما، چیف انجینئر اے کےسنگھ، چیف سٹی پلانر کے کے گوتم، فائنانس کنٹرولردیپک سنگھ، پی آئی یو انچارج اے کےسنگھ سینگرسمیت سبھی زونل افسر و ایگزیکٹیوانجینئرموجود تھے۔