نئی دہلی، 17مئی ؛کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ متضاد معاشی حالات کے پیش نظر معیشت کو پٹری پر لانے اور بحران کا ایک موقع کے طورپر استعمال کرنے کے لئے شروع کی گئی ’آتم نربھر بھارت‘ مہم کے تحت اب تک مجموعی طورپر 20لاکھ 97ہزار 53کروڑ روپے کے پیکج کے اعلانات کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے 12مئی کو اس مہم کا اعلان کیا تھا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور وزیرمملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر نے اس سلسلہ میں مسلسل پانچ دنوں میں نامہ نگاروں کو معلومات دی ہے۔ محترمہ سیتارمن نے آج اس مہم کے آخری مرحلہ کے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اب تک مجموعی طورپر 2097053کروڑ روپے کے پیکج کے اعلانات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مارچ کے آخر میں اعلان شدہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت 1.70لاکھ کروڑ روپے کے پیکج اور ریزرو بینک کی طرف سے اعلان کی گئی 801603کروڑ روپے کی مالیاتی مدد بھی آتم نربھر بھارت (خود انحصار ہندستان) کی مہم میں شامل ہے۔ گزشتہ 22مارچ سے دی گئی ٹیکس چھوٹ سے بھی 7800کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور وزیراعظم نے صحت شعبہ کے لئے 15ہزار کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح اس میں گزشتہ 21مئی کو وزیراعظم کی طرف سے اعلان شدہ پیکج میں ریزرو بینک اور 22مارچ کے بعد اعلان شدہ 994403کروڑ روپے شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خودانحصار ہندستان مہم کی پہلی قسط 594550کروڑ روپے، دوسری قسط 3.10لاکھ کروڑ روپے، تیسری قسط 1.50لاکھ کروڑ روپے اور چوتھی اور پانچویں قسط ملاکر 48100کروڑ روپے کی رقم شامل ہے۔ اس طرح کل ملاکر 1102650کروڑ روپے کے معاشی پیکج 12مئی کے وزیراعظم کے اعلان کے بعد جاری کئے گئے ہیں۔ اس دوران متعدد انتظامی اور قانونی ترمیمات کو بھی منظوری دی گئی ہے۔