پرتاپ گڑھ 20 نومبر (یو این آئی) اترپردیش کے پرتاپ گڑھ کے مانیک پور علاقے میں ایک ٹرک سے لگژری گاڑی ٹکراگئی جس میں سوار 14 باراتیوں کی موت ہوگئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ گذشتہ رات دیش راج انارہ گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بولیرو سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 14 افراد کی موت ہوگئی۔ یہ سب باراتی تھے جو نواب گنج کے علاقے شیخ پور گاؤں میں شادی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بولیرو گاڑی کو زبردست نقصان پہنچا۔ مرنے والے افراد اس میں پھنس گئے تھے۔ لاشوں کو گیس کٹر کی مدد سے نکالا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں 12 افراد کنڈہ کوتوالی کے جیگرا پور گاؤں کے باشندے ہیں جبکہ ایک کا تعلق مانیک پور اور ایک ہتھی گنواں علاقے سے ہے۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں ببلو (22) ، دنیش کمار (49) ، پون کمار (10) ، دیا رام (40) ، امن کمار (7) ، رام سمن (40) ، انش (9) ، گورو کمار (10) ، نان گوڑ (55)، 55) ، سچن (12) ، ہمانشو (12) ، میتھلیش کمار (17) ، ابھیمنیو (28) اور مانک پور علاقہ کے رہنے والا ڈرائیور پارس ناتھ (40) شامل ہیں۔