برطانیہ میں دوسری جنگ عظیم کا بم ناکارہ بناتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کی آواز 15 کلومیٹرز کے فاصلے تک سنی گئی جبکہ شہریوں نے عمارتوں میں تھرتھراہٹ بھی محسوس کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی کاؤنٹی نورفوک کے علاقے گریٹ یرماؤتھ میں 4 روز قبل دریافت ہونے والا دوسری جنگ عظیم کا 250 کلوگرام وزنی بم ناکارہ بناتے ہوئے دھماکے سے پھٹ گیا۔
نورفوک پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی ایجنسیوں، فوج، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار مشترکہ طور پر تین روز سے بم کو ناکارہ بنانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کی بدولت دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انتظامیہ کی جانب سے بم کو ناکارہ بنانے کی کارروائی سے قبل ہی علاقے کو خالی کروالیا گیا تھا اور بم کی سائٹ پر ریت کی دیوار کھڑی کی گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے کےمقام پر سڑک میں گڑہا پڑ گیا تھا جسے ریپیئر کرنے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔