کانپور:علی پور دوار سے دہلی سے جارہی مہانندا ایکسپریس کے جنرل کوچ میں لٹک کر موبائل سے ریل بنارہے نوجوان کی جان پر بن آئی،نوجوان شاہ رخ خان کی طرح ایک ہاتھ ہوامیں گھما کر ریل بنارہا تھا تبھی کھمبے سے ٹکراکر اس کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
تبھی اس کے ساتھی اور مسافروںنے زخمی ۱۷سالہ نصیب کو کوچ کے اندر کھینچ لیا ورنہ جان بھی چلی جاتی۔کنٹرول روم کی اطلاع پر جب ٹرین سینٹرل اسٹیشن پہنچی تو نوجوان کا ریلوے ڈاکٹر نے علاج کیا، حالت سنگین ہونے پر اسے اسپتال بھیجا گیاہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی دوپہر علی پور دوار سے پرانی دہلی جانے والی مہانندا ایکسپریس کے گارڈ بوگی سے تیسرے جنرل کوچ میں فتح پور اسٹیشن سے نصیب اپنے ساتھی کے ساتھ سوار ہواتھا،کوچ میں بھیڑ ہونے کی وجہ سے دونوں گیٹ کے نزدیک ہی بیٹھے تھے، راستے میں ٹرین کی رفتار کم ہونے پر نصیب اپنے ساتھی کی مدد سے موبائل پر ریل بنانے لگا،
فلمی اسٹائل میں ایک ہاتھ چھوڑ کر جیسے ہی لہرایاٹریک کے کنارے لگے کھمبے سے اس کا ہاتھ ٹکراگیا۔زور سے چیخ نکلنے پر ساتھی اور مسافروںنے اسے اندر کھینچ لیا،گارڈ کو اطلاع ملنے پر کنٹرول روم میں اطلاع دی گئی۔ٹرین سینٹرل اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر پہنچی تو ریلوے ڈاکٹر آشیش اگروال ، فارماسسٹ دیپ اور آر پی ایف کے سپاہی وجے نے اٹینڈ کیا،اس دوران زخمی کا ساتھی فرار ہوچکا تھا،
ابتدائی علاج کے بعد نوجوان کو اسپتال بھیجاگیا، ریل بنانے والے نوجوان کے پاس جنرل ٹکٹ نہیں ہے،آر پی ایف انسپکٹربی پی سنگھ نے بتایاکہ گھر والوںکو اطلاع دی گئی ہے ابھی کوئی ویڈیو یا موبائل نہیں ملاہے۔