نئی دہلی، 11فروری (یو این آئی) دہلی اسمبلی کی 70سیٹوں کے شروعاتی رجحانات میں عام آدمی پارٹی نے سبقت حاصل کررکھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راوز ایونیو میں واقع عام آدمی پارٹی ہیڈکوارٹر پر حامیوں کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہوگئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پیچھے چل رہی ہے۔
اسمبلی کی 70سیٹوں کے لئے منگل کی صبح آٹھ بجے 21مراکز پر ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ شروعاتی رجحان میں 50سے زائد سیٹوں پر عام آدمی پارٹی آگے ہے۔ بی جے پی 16اور کانگریس ایک سیٹ پر آگے ہے۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نئی دہلی سیٹ سے آگے چل رہے ہیں۔ نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے پٹپڑ گنج سے شروعاتی سبقت حاصل کی ہے۔ شاہدرہ سے اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل آگے ہیں۔
اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر وجیندر گپتا نے روہنی سے شروعاتی سبقت بنا لی ہے۔ شکور بستی سے وزیر صحت ستیندر جین بھی آگے ہیں۔ گریٹر کیلاش سے عام آدمی پارٹی کے سوربھ بھاردواج سبقت بنائے ہوئے ہیں۔ وشواس نگر سے بی جے پی کے اوم پرکاش شرما آگے ہیں۔
مالویہ نگر سے عام آدمی پارٹی کے سومناتھ بھارتی نے شروعاتی سبقت بنائی ہے۔ سنگم وہار سے پونم آزاد پیچھے چل رہی ہیں۔ راجندر نگر سے عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈا آگے ہیں۔ اوکھلہ سے امانت اللہ خان آگے ہیں۔ ہری نگر سے بی جے پی کے تیجندر پال سنگھ بگا آگے ہیں۔ کانگریس کے ہارون یوسف بلیماران سے آگے ہیں۔ چاندنی چوک سے الکا لامبا پیچھے ہیں۔ کپل مشرا ماڈل ٹاون سے پیچھے ہیں۔ بی جے پی کے امیدوار کراول نگر، کرشنا نگر، بدرپور، گونڈا، موتی نگر، بجواسن اور دہلی کینٹ سے آگے چل رہے ہیں۔
دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لئے منگل کی صبح ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے اور اور دوپہر تک نتائج ملنے شروع ہو جائیں گے۔
ووٹوں کی گنتی کے لئے 11 اضلاع میں 21 کاؤنٹنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ نئی دہلی اسمبلی سیٹ، جہاں سے وزیر اعلی اروند کجریوال مسلسل تیسری بار انتخابی میدان میں ہیں، کی ووٹوں کی گنتی گول مارکیٹ میں واقع ’اٹل آدرش بنگالی بالیکا اسکول‘ میں ہو رہی ہے۔ ضلع نئی دہلی میں کل چھ اسمبلی نشستیں ہیں اور دیگر تمام پانچ سیٹیں پٹیل نگر، دہلی کینٹ، راجندر نگر، آر کے پورم اور گریٹر کیلاش کی ووٹوں کی گنتی بھی اسی مرکز میں ہو رہی ہے۔