نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی اور پنجاب میں برسراقتدار جماعت عام آدمی پارٹی (عآپ) اب یوپی میں بھی اپنا قد بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ پارٹی نے جمعہ کو اعلان کیا کہ وہ وہ اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ کرے گی۔
عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ‘ہاؤس ٹیکس ہاف، پانی پر ٹیکس معاف’ کے نعرے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
اے اے پی لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی پارٹی اتر پردیش کے 17 میونسپل کارپوریشنوں اور 763 میونسپلٹیوں میں پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے 763 بلدیات کے لیے پارٹی کے انچارج افسران کا تقرر کیا گیا ہے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی وارڈ کے ساتھ ساتھ میئر اور صدر کی سطح پر امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اب تک 270 امیدواروں کے ناموں کو تقریباً فائنل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اتر پردیش میں میونسپل انتخابات کا اعلان کیا جائے گا اور عآپ میونسپل کارپوریشنوں / میونسپلٹی میں مضبوطی سے الیکشن لڑے گی۔