نئی دہلی، 2 مارچ ( یواین آئی) پاکستان کے لڑاکا طیارے ایف -16 کو تعاقب کرنے کے دوران دشمن کے قبضے میں پہنچے ونگ کمانڈر ابھینندن ورھمان نے جس اولالعزمی اور بہادری کا ثبوت دیا، اس کی پورے ملک میں ستائش ہورہی ہے اور ہفتہ کو وزارت دفاع نے بھی ونگ کمانڈر کے جذبے کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سچے سپوت نے تاریخ رقم کی۔
ونگ کمانڈر کی بہادری کی کہانی میں وزارت دفاع کے ترجمان کے ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا ہے’’آپ نے اپنی زندگی کو داؤ پر لگا کر ملک کے اعزاز کا دفاع کیا۔ انتہائی بحران کی گھڑی میں آپ نے اپنا حواس برقرار رکھتے ہوئے حوصلہ کوبرقرار رکھا۔ ابھینندن ، آپ نے تاریخ رقم کی۔ آپ میں ہمیں ہندوستانی مسلح افواج کی بہترین صفات ملی ہے۔ واہ، ایئر وارئير، آپ کو اور طاقت ملے‘‘۔
ابھینندن کی ملک واپسی کے لئے پورا ملک بے چین تھا اور کل پاکستان سے ہندوستانی سرحد پران کی ایک جھلک پانے کے لئے واگہہ سرحد کے قریب لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ونگ کمانڈر کی گھر واپسی پر خیر مقدم کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ان کی مثالی جرات پر ملک کو فخر ہے۔