نئی دہلی :اقتصادی مجرم اور شراب کاروباری وجے مالیا نے وزیراعظم نریندرمودی کی اس میعاد میں پارلیمنٹ میں آخری تقریر کاذکرتے ہوئے کہاکہ اس نے جن پیسوں کو واپس کرنے کی پیش کش کی ہے انھیں لینے کے لیے وزیراعظم بینکوں کو ہدایت نہیں دے رہے ہیں ۔
مالیا نے جمعرات کو ٹوئیٹ کیا، میں نے وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں آخری تقریر سنی ۔وہ یقینا بہت اچھے انسان ہیں ۔میں نے سنا کہ انھوں نے اپنی تقریر میں 9ہزار کروڑ روپئے لیکر بھاگنے والے ایک نامعلوم شخص کا ذکر کیا۔میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں کے مطابق میں یہ اندازہ لگاسکتاہوں کہ انکا اشارہ میری طرف تھا۔میں وزیراعظم سے احتراما پوچھنا چاہتاہوں کہ وہ بینکوں کو میری طرف سے رقم اداکرنے کی پیش کش کو منظور کرنے کی ہدایت کیوں نہیں دے رہے ہیں تاکہ وہ (وزیر اعظم )کم سے کم کنگفشر کو دیے گئے قرض کی مکمل وصولی کاکریڈٹ لینے کا دعوی تو کرسکیں ۔