واشنگٹن: امریکی فوج کی جانب سے افغانستان کے صوبہ کنار میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ ( داعش) کے مقامی ہیڈکوارٹر پر کئے گئے حملے میں داعش کی افغان اکائی کا سربراہ ابو سعید ہلاک ہوگیا ہے ۔
امریکی فوج نے یہ حملہ رواں ہفتے کے شروع میں کیا تھا۔
امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پنٹاگن نے ایک بیان جاری کر آج یہ اطلاع دی ہے ۔
پنٹاگن کی ترجمان ڈانا وائٹ نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایس کے باقی دیگر ارکان کو منگل کو کیے گئے حملے میں مار گرایا گیا ہے ۔
افغانستان میں داعش کے خلاف جولائی 2016 سے جاری مہم میں ابو سعید مارا جانے والا تیسرا دہشت گرد لیڈرہے ۔
واضح ر ہے کہ اس سال 27 اپریل کو ننگرھار صوبے میں امریکی اور افغان فوج کی مشترکہ مہم میں عبد الحسیب نامی دہشت گرد مارا گیا تھا۔ اس سے پہلے 2016 میں ایک اور حملے میں حافظ سعید خان کو ہلاک کیا گیا تھا۔
افغانستان میں 2015 سے سرگرم داعش کے مقامی گروپ کو اسلامی اسٹیٹ خراسان (آئی ایس آئی ایس-کے ) کے نام سے جانا جاتا ہے ۔