اٹاوہ: اتر پردیش میں آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر اٹاوہ میں حادثے کا شکار ڈی سی ایم سے جمعرات کو دو لگژری کاروں کے ٹکرانے سے کار سوار دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور آٹھ دیگر شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔
سیفئی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نرمل سنگھ بشٹ نے یہاں بتایاکہ آج علی الصبح 3 بجے آگرہ سے لکھنؤ جا رہی ڈی سی ایم مشرقی نگلا سوی کے پاس ٹائرپھٹنے سے حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس حادثے میں ڈی سی ایم کا ڈرائیور سنجے کمار ولد گہارام باشندہ کھلدھار تھانہ تاکھا ضلع دھار مدھیہ پردیش، کنڈکٹر کندن چوہان ولد بلونت سنگھ باشندہ آشا ہور تھانہ مہیشور ضلع کھرگون مدھیہ پردیش زخمی ہوگئے ۔
اطاعات کے مطابق ڈی سی ایم جب ضلع اٹاوہ کے تھانہ چوبیا علاقے کے تحت چینل نمبر 119 پر گاؤں نگلا سوی مشرقی کے پاس پہنچی تو ڈی سی ایم گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور رفتار تیز ہونے کی وجہ بے قابو ہوکر ایکسپرس وے پر ہی پلٹ گئی۔ڈی سی ایم کے پلٹتے ہی اس کے پیچھے سے آرہی تیز رفتار انڈیکا کار ڈی سی ایم میں جا ٹکرائی ۔اس کار میں پانچ لوگ سوار تھے جو دہلی ایمس میں کسی مریض کی تیمار داری کے لئے جا رہے تھے ۔پانچوں کار سوار ایک ہی خاندان کے تھے ۔اسی درمیان ہائی وے پر آرہی ایک اور کار ڈی سی ایم سے ٹکرا گئی۔ اس کار میں سوار تینوں لوگ بہار کے رہنے والے تھے جو دہلی سے لکھنؤ جا رہے تھے ۔ایکسپریس وے پر تین گاڑیوں کے ایک ساتھ ٹکرانے سے افراتفری و چیخ پکار مچ گئی ۔ ان حادثوں میں آٹھ افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے سبھی زخمیوں کو سیفئی یونیورسٹی میں داخل کرایا گیا ہے ۔