لکھنؤ: 28 جنوری(یواین آئی) اترپردیش میں گھنے کہرے کی وجہ سے ہوئے مختلف سڑک حادثوں میں آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔
پولیس ترجمان نے پیر کو بتایا کہ کچھ لوگ ایک کار میں سوار ہوکر دہلی سے رائے بریلی جارہے تھے ۔ اس درمیان فروزآبا میں لکھنؤ۔آگرہ ایکسپریس وے پر نصیر پور علاقے میں کار کا ٹائر پنجر ہوگیا۔ٹائر کا پنجر بنوانے کے لئے وہ سڑک کے کنارے کھڑے تھے اس درمیان ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں دولوگوں کی موت ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق گھنے کہرے کی وجہ سے تیز رفتار گاڑی کو کھڑی کار دکھائی نہیں دی اور وہ اس سے جاٹکرائی۔ایک دیگر حادثے میں ضلع ایٹہ کے علی گنج علاقے میں چار افرا ایک آٹو میں سوار ہوکر جارہے تھے ۔ اس درمیان ایک تیز رفتار بس نے آٹو کو ٹکر ماردی۔ اس حادثے میں دولوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو شدید طورسے زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کہرے کی وجہ سے راستہ بہت کم دکھائی دے رہا تھا۔ جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔اس حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر جام لگ گیا۔مین پوری سے ملی ایک رپورٹ کے مطابق اونچھا علاقے کے تھوربا گاؤں کے نزدیک ایک موٹر سائیکل کو ایک تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے کچل دیا۔ موٹر سائیکل پر دو افراد سوار تھے ۔ دونوں موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔وہیں ہاپوڑ میں ایک تیزرفتار گاڑی کی زد میں آکر نوجوان کی موت جبکہ اس کی بہن شدید طور سے زخمی ہوگئی۔ میرٹھ روڈ پر گڑھ مکتیشور علاقے میں گاڑی ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کانپور میں قومی شاہراہ پرگھاٹمپور علاقے میں ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی۔ اس حادچے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان کی موت ہوگئی۔اس حادثے سے مشتعل مقامی افراد نے قومی شاہراہ کو جام کردیا۔