اٹاوہ : اترپردیش میں اٹاوہ ضلع کے بڑپورا علاقہ میں سنیچر کو عقیدت مندوں سے بھرا منی ٹرک پلٹ جانے سے کم از کم گیارہ افراد کی موت اور 40دیگر بری طرح زخمی ہوگئے۔
وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہر مرنے والے کے لواحقین کو مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے اور زخمیوں کے علاج کے پختہ انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ محترمہ شروتی سنگھ اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر برجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ عقیدت مندوں سے بھراڈی سی ایم بے قابو ہوکر کھائی میں پلٹ گیا۔ حادثہ میں گیارہ شردھالووں کی موت ہوئی اور چالیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تمام شردھالو آگرہ کے پناہٹ سے لکھنا میں کالکا دیوی مندر پر جھنڈا چڑھانے کے لئے جارہے تھے۔ زخمی شردھالووں میں سے دو کی حالت نازک ہے جنہیں صیفئی میڈیکل یونیورسٹی کے لئے ریفر کیا گیا ہے۔
مرنے والوں میں بنواری، مہیش لالو، راجیش، راجندر پیٹر گنگا دین، گلاب سنگھ، منوج، کشن، حاکم سنگھ، گڈو اور رام داس شامل ہیں۔ آگرہ کے گاوں پناہٹ سے ایک ہی طبقہ کے لوگ کینٹر سے لکھنا کالکا مندر پر جھنڈا چڑھانے جارہے تھے۔