شاہجہاں پور: اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور کے روجا علاقےمیں منگل کو نیشنل ہائی وے۔24 پر دو سواری گاڑیاں ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آگئیں ۔اس حادثے میں 17 افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر 4 شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی وے پر جموکا روندآباد پولیس اسٹیشن علاقے میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے سواریوں سے بھرے ایک ٹیمپو کو پیچھے سے ٹکر مار دی ۔ٹیمپو کو ٹکر مارنے کے بعد ٹرک ڈرائیور نے ٹرک سے اپنا قابو کھودیا۔ جس سے ٹرک ایک میجک پر پلٹ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں ٹیمپو اور میجک پر سوار 10 افراد کی موقع پر ہی مو ت ہوگئی جبکہ دیگر سات نے علاج کے دوران اسپتال میں دم توڑ دیا۔زخمیوں میں چار کی حالت نازک ہے۔ مہلوکین کی ابھی تک شناخت نہیں ہوپائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مزید اطلاعات کا ابھی انتظار ہے۔
وہیں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس دل خراش حادثے پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔